بھیک مانگنے پر مختلف ممالک سے 51 ہزار پاکستانیوں کو بیدخل کئے جانے کا انکشاف

مختلف ممالک سے بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی حقوق کو ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ اس سال 51 ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے آف لوڈ کیا گیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ سب سے زیادہ 24 ہزار افراد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے 6 ہزار اور آذربیجان سے اڑھائی ہزار پاکستانی بھکاریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمرے کا نام لیکر یورپ جانے کی کوشش کرنے والوں کو ثبوت کے ساتھ آف لوڈ کیا، اس سال 24 ہزار افراد کمبوڈیا گئے جس میں سے 12 ہزار افراد واپس نہیں آئے، برما میں سیاحتی ویزے پر جانے والے 4 ہزار میں سے اڑھائی ہزار واپس نہیں آئے۔

ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افراد کو روکنے سے پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ 118 سے 92 نمبر پر آئی، گزشتہ برسوں میں غیر قانونی جانے والے افراد میں پاکستان ٹاپ 5 ملکوں میں تھا لیکن اب پاکستان ٹاپ فائیو ملکوں سے نکل گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا گزشتہ برس 8 ہزار افراد غیر قانونی طور پر یورپ گئے جبکہ اس سال یہ تعداد 4 ہزار ہے، مجموعی طور پر 56 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے پر سعودی عرب نے ڈی پورٹ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ زمبابوے میں ہمارے سفیر نے بتایا ایتھوپیا اور زیمبیا سے غیر قانونی لوگ یورپ جا رہے ہیں، ایک جعلی فٹبال کلب نے ٹیم کو جاپان بھیجا، ایک لنگڑا شخص بھی فٹبال ٹیم کیساتھ چلا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں