بولی ووڈ فلم ’دھرندھر‘ کے گانے ”FA9LA“ نے دیکھتے ہی دیکھتے بھارتی عوام اور دنیا بھر میں اتنی مقبولیت حاصل کی ہے کہ یہ صرف فلم تک محدود نہیں رہا۔ دھُرندھر میں استعمال ہونے والا یہ عربی ہپ ہاپ گانا، اب ایک وائرل ثقافتی ٹرینڈ بن چکا ہے۔
”FA9LA“ کا گانا اب خود میں ایک الگ ہی پہچان بن چکا ہے۔ انسٹاگرام ریلز سے لے کر یوٹیوب شارٹس تک، اس گانے کا ہر جگہ چرچا ہے اور لوگ اس کے کیچی ہُک کے ساتھ گاتے اور پرفارم کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اب یہ گانا اتنا مقبول ہو رہا ہے تو سب یہ جاننے کی کوشش میں ہیں کہ آخرکار FA9LA کے عربی بول کا کیا مطلب ہے؟
”FA9LA“ دراصل بحرین ہپ ہاپ گانا ہے جو فلِپراچی اور ڈیفی نے لکھا اور پرفارم کیا ہے، یہ دارصل لفظ ‘فصلۃ’ ہے جبکہ اس کی میوزک کمپوزیشن ڈی جے آؤٹ لو نے کی ہے۔
ریپر نے فیور ایف ایم کے آر جے اوینی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ گانا، جو پہلے ہی ریلیز ہو چکا تھا، اچانک دھرندھر کی ٹیم کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ “انہوں نے ہم سے پہلے رابطہ کیا۔ وہ گانے کی لائسنسنگ چاہتے تھے۔ وہ اس کی بیٹ چاہتے تھے کیونکہ وہ اپنا ورژن بنانا چاہتے تھے۔ تاہم وقت کی کمی کی وجہ سے انہوں نے کہا کہ گانے کی بیٹ بہت اچھی ہے، اسے ویسا ہی رہنے دو’۔
یہ فیصلہ فلم کے لیے اور فلِپراچی کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ کیونکہ FA9LA نے اپنی اصل عربی شکل کو برقرار رکھا، جو بعد میں اس کی مقبولیت کا راز بن گیا۔
فلم کے برعکس FA9LA خود میں کوئی جارحیت نہیں رکھتا۔ اس گانے کا اصل پیغام جشن منانے، ڈانس کرنے اور لمحے کو انجوائے کرنے کے بارے میں ہے۔











