حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا 10 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد 10 روز سے جاری ہڑتال کو فوری ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
کراچی میں حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدرملک شہزاد نے گلبائی ٹرک اڈے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے تمام مطالبات تسلیم کرلئے ہیں اوراس بنیاد پروہ ہڑتال ختم کررہے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ گزشتہ 10 روز سے ٹرانسپورٹرزاحتجاج کررہے تھے جس کی وجہ سے ملک بھر کی صنعتیں خام مال کی فراہمی میں مشکلات کا شکار تھیں۔

ہڑتال کے دوران سپلائی چین متاثرہوئی اورکاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، جس سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

صدرگڈزٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ مذاکرات میں حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے جائزمطالبات سنجیدگی سے سنے اورانہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اب ایسوسی ایشن کے تمام اراکین اپنی نقل و حمل کی سرگرمیاں معمول کے مطابق دوبارہ شروع کردیں گے۔
ترجمان سندھ حکومت ومیئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی ٹرانسپورٹرزسے مسلسل رابطے میں رہتی ہے، ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرتے ہیں اور ٹرانسپورٹرز نے ثابت کیا احتجاج پر امن طریقے سے بھی ہوسکتا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں