امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا میں آٹھ جنگیں ختم کرائیں، ہماری فوج دنیا کی سب سے طاقتور ترین فوج ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا، انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کوکسی صورت داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کرپشن کے خاتمے کے لیے عوامی مینڈیٹ ملا اور ایک سال میں انہوں نے وہ کامیابیاں حاصل کیں جو کوئی اور حاصل نہ کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج دنیا کی سب سے طاقتور ترین فوج ہے، میں نے دنیا میں 8 جنگیں ختم کرائیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے قاتلوں کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی، بدترین تجارتی معاہدوں کی وجہ سے امریکا پردنیا ہنستی تھی، ہم نے کسی بھی انتظامیہ سے زیادہ واشنگٹن میں مثبت تبدیلیاں کی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی ساتوں سوئنگ ریاستوں نے مجھے بھاری اکثریت سے منتخب کیا، گزشتہ 7 ماہ میں کسی غیرقانونی غیر ملکی کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بائیڈن کی پالیسیاں امریکا میں دوبارہ نافذ نہیں ہونے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری خطرے کوختم کیا اور غزہ کی جنگ ختم کر کے تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بدترین سے بہترین ہوگیا ہے، ٹیرف کی وجہ سے بہت کامیابیاں ملی ہیں، ایک سال پہلے تک ہمارا ملک ناکام تھا۔











