سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور کو 11 سال مکمل ہو گئے، سانحہ اے پی ایس کی آج 11 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
16 دسمبر 2014ء کو سفاک دہشتگردوں نے اے پی ایس کے معصوم طلبہ پر حملہ کرکے 132 بچوں، خواتین اساتذہ اور سٹاف سمیت 147 افراد کو شہید کر دیا تھا، سانحہ اے پی ایس کا درد ہر والدین اور پوری قوم کا درد ہے۔
حملے کے تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان سکول پہنچے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو جہنم واصل کیا۔
اس کرب ناک دن کو پشاور کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا،اسی دن نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی بنیاد رکھی اور ملک بھر میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔
دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم اے اپی ایس کے معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو سفاک دہشتگرد حملے میں شہید ہوئے۔











