گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ایمرجنسی سروسز میں نیا فیچر متعارف کر دیا

گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لائیو ویڈیو شیئرنگ کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس فیچر کے تحت صارفین ایمرجنسی کال یا پیغام کے دوران اپنی موجودہ صورتحال کی براہِ راست ویڈیو ایمرجنسی سروسز کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، جس سے امدادی اداروں کو موقع پر پیش آنے والے حالات کا بہتر اندازہ ہو سکے گا۔

گوگل کے مطابق یہ سہولت ایمرجنسی ڈیسپیچر کی درخواست پر فعال کی جائے گی، جس کے بعد اینڈرائیڈ صارفین محض ایک ٹیپ کے ذریعے لائیو ویڈیو اسٹریم شروع کر سکتا ہے، صارف کو مکمل اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی وقت ویڈیو شیئرنگ روک سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو اسٹریم محفوظ (Encrypted) ہوگی تاکہ صارف کی پرائیویسی برقرار رہے۔ اس فیچر کے استعمال کیلئے کسی اضافی سیٹ اپ کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ اینڈرائیڈ 8 اور اس کے بعد کے ورژنز پر گوگل پلے سروسز کے ذریعے کام کرے گا۔

ابتدائی طور پر یہ سہولت امریکہ، جرمنی اور میکسیکو میں متعارف کروائی گئی ہے، جبکہ مستقبل میں دیگر ممالک میں بھی اس فیچر کی فراہمی کا امکان ہے۔

گوگل کے مطابق اس اقدام کا مقصد حادثات، طبی ہنگامی صورتحال، آگ لگنے یا دیگر خطرناک حالات میں امدادی اداروں کو فوری اور درست معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں