پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کی پنجاب آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ وہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب آپ کا گھر ہے، یہاں آپ کو ہمیشہ عزت و احترام ملے گا
وزیرِ اعلیٰ کے پیغام کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایکس پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مریم نواز کے پُرخلوص استقبال اور مثبت رویّے کے شکر گزار ہیں۔
بلاول بھٹو کی لاہور کے دورے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا چھت پر کھڑی ایک خاتون سے دلچسپ مکالمہ ہوا تھا۔
خاتون نے بلاول بھٹو سے کہا تھا کہ ’آپ سیاست کی نہیں ہماری بات کریں‘، جس پر بلاول نے مسکرا کر کہا کہ ’سیاست پر بات نہ کروں تو بتائیں آپ سے کیا بات کروں‘۔
اس کے بعد خاتون نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے پوچھا کہ آپ کے کیا حال ہیں؟ آپ ٹھیک ہو؟ جس پر بلاول نے جواب دیا کہ جی میں ٹھیک ہوں۔
خاتون نے بلاول بھٹو کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ مولا آپ کو سلامت رکھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے بہت شکریہ آپ لوگوں کی دعاؤں کی ہی ضرورت ہے











