انٹارکٹیکا میں نوکری کے لیے غیر معمولی معاوضے کی پیشکش، نوجوان کو فیصلہ کرنے میں مشکل درپیش

ایک 19سالہ ماحولیاتی محقق کو انٹارکٹیکا میں مکمرڈو اسٹیشن پر 6 ماہ کے ریسرچ کنٹریکٹ کی پیشکش ہوئی ہے، جس پر وہ اپنی ذاتی زندگی اور 3 سالہ تعلق داری کے باعث تذبذب کا شکار ہیں۔

پیشکش کے مطابق محقق کو 6 ماہ کے دوران تقریباً ایک لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ ملے گا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 4 کروڑ 4 لاکھ روپے بنتا ہے، جبکہ کمپنی خوراک، رہائش، سفری اخراجات اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کرے گی۔
محقق نے آن لائن فورم پر لکھا کہ انٹارکٹیکا میں رہتے ہوئے ان کے تقریباً کوئی اخراجات نہیں ہوں گے، اس لیے پوری تنخواہ جمع کی جاسکتی ہے، تاہم 6 ماہ کی طویل دوری ان کی ذاتی زندگی کے لیے بڑا امتحان بن سکتی ہے۔

ان کے مطابق گرل فرینڈ اسپورٹ کرتی ہیں لیکن طویل جدائی انہیں پریشان کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی موجودہ بچت تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے، اس ملازمت کے بعد ریٹائرمنٹ کے ہدف کے قریب پہنچنے میں مدد ملے گی۔

محقق نے کہا کہ انٹارکٹیکا جیسے دور افتادہ مقام پر رہنا مشکل ہوسکتا ہے، اگرچہ سائنسی تجربات ان کے کیریئر کو نئی سمت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ مسلسل سوچ ان کے لیے مشکل ہورہی ہے کہ آیا وہ 6 ماہ کی تنہائی، الگ تھلگ ماحول اور نارمل زندگی سے دوری برداشت کرپائیں گے یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں