دفاع وطن کی خاطر جان نچھاور کرکے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز پانے والے میجر شبیر شریف (نشان حیدر) کا 54واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر پاک فوج نے شہید کے لیے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کے 54ویں یومِ شہادت پر گہرے احترام اور عقیدت کا اظہار کیا۔
میجر شبیر شریف شہید، جنہوں نے جنگِ 1965 میں غیر معمولی بہادری پر ستارۂ جرات حاصل کیا، 1971 کی جنگ میں بھی ایک فیصلہ کن اور انتہائی اہم ذمہ داری سلیمانکی ہیڈ ورکس کے قریب اسٹریٹجک مقام کا دفاع نبھانے پر مامور کیے گئے۔
5ور 6 دسمبر کی درمیانی شب انہوں نے اپنی قیادت میں دشمن پر بہادری سے حملہ کیا، قریب سے لڑتے ہوئے 4 جات رجمنٹ کے کمانڈر میجر نارائن سنگھ کو ہلاک کیا اور پورا علاقہ اپنی گرفت میں لے لیا۔
6 سمبر کے روز بھی وہ دشمن کے مسلسل جوابی حملوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے اور ریکوئلس رائفل سے دشمن کے بڑھتے ہوئے ٹینکوں کو تباہ کرتے رہے۔ اپنے مورچے کا دفاع کرتے ہوئے وہ بھارتی ٹینک کا گولہ لگنے سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر شبیر شریف شہید کی بے مثال قیادت، ثابت قدمی اور وطن کے لیے اُن کی عظیم قربانی پاک فوج کی اعلیٰ روایات کی روشن علامت ہے۔ ان کا جذبہ آج بھی پاکستان کے ہر سپاہی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مسلح افواج پاکستان کی سالمیت اور سیکیورٹی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ شہدا کا یہ عظیم سرمایہ قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ امر رہے گا۔











