حکومت نان پی ٹی اے فونز پر 4 قسم کے کونسے ٹیکس وصول کر رہی ہے؟

حکومت نے بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے نئے اور استعمال شدہ موبائل فونز پر عائد کیے جانے والے ٹیکس اور ڈیوٹی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں دی گئی بریفنگ کے مطابق، موبائل فون کی قیمت کے مطابق کسٹم ڈیوٹی، موبائل لیوی، ریگولیٹری ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس الگ الگ شرح پر وصول کیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق موبائل فون کی اصل قیمت کا تعین متعلقہ ویلیوایشن رولنگ کے تحت کیا جاتا ہے، اگر کسی ماڈل کی ویلیوایشن دستیاب نہ ہو تو گزشتہ 90 دنوں کے درآمدی ڈیٹا کی بنیاد پر قیمت مقرر کی جاتی ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق اگر کسی موبائل فون کی قیمت 30 امریکی ڈالر تک ہو تو اس پر 100 روپے موبائل لیوی، 300 روپے ریگولیٹری ڈیوٹی، 18 فیصد سیلز ٹیکس اور 70 روپے ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

اسی طرح 30 سے 100 ڈالر مالیت والے موبائل فونز پر 200 روپے موبائل لیوی، 3000 روپے ریگولیٹری ڈیوٹی، 18 فیصد سیلز ٹیکس اور 930 روپے ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

100 سے 200 امریکی ڈالر کی رینج والے موبائل فونز پر 600 روپے موبائل لیوی، 7500 روپے ریگولیٹری ڈیوٹی، 18 فیصد سیلز ٹیکس اور 970 روپے ودہولڈنگ ٹیکس، 200 سے 350 ڈالر مالیت کے فونز پر 1800 روپے موبائل لیوی، 11 ہزار روپے ریگولیٹری ڈیوٹی، 18 فیصد سیلز ٹیکس اور 5 ہزار روپے ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں