چکوال ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے عید الاتحاد کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

دبئی گذشتہ شب انٹرنیشنل سٹی دوبئی میں چکوال کمیونٹی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قومی دن اور 54 سالہ جشن کے سلسلہ میں ایک شاندار، پروقار دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں امارات میں موجود چکوال کمیونٹی کی مکمل نمائندگی موجود تھی-اس تقریب کے مہمانان خاص سید واجد علی بخاری سابق وفاقی وزیر برائے ماحولیات ، حاجی امجد سابق ممبر صوبائی اسمبلی ، ماجد بھٹی مینیجر پی آئی اے(یو اے ای) ، راجہ عثمان ہارون سابق انچارج منسٹر سیکرٹیریٹ ، سینئر نائب صدر اوورسیز فورم منڈی بہاالدین گلف ریجن چوہدری عبد الرزاق کنیال ، ، معروف سماجی راہنما سردار عاشق نواز اور سید گلزار حسین گجرات ، چوہدری عبدالمنان پراچہ بھیرہ ، ملک عزیر خان اعوان ، ذیلدار چوہدری اسد اللہ خان ظفروال ، چوہدری محمد اشفاق گوجرخان شامل تھے –


اس پروقار تقریب کی نقابت کا اعزاز چوہدری زعفران محمود کو حاصل ہوا اور اپنے پراثر کلمات اور باذوق گفتگو سے وہ انتہائی احسن انداز میں اس خوشبودار بزم کو آگے بڑھانے کے فرائض بطریق احسن سرانجام دیتے رہے-
ہمیشہ کی طرح اپنی مسحورکن آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت چوہدری ندیم حیدر کرسال کے حصہ میں آئی جو عجمان سے اس تقریب میں شرکت کے لئے خصوصی طور پہ تشریف لائے-
اس تقریب کے اغراض و مقاصد ، چکوال دھرتی کے باسیوں کا متحدہ عرب امارات سے عشق اور اس عشق کے پیچھے اہل چکوال کی وفا سرشت سوچ و اپروچ اور مستقبل میں اس عشق کے تقاضوں پہ تفصیلی گفتگو چوہدری افراسیاب کہوٹ (صدر عوامی پریس کلب چکوال)نے کی-ماجد حسین بھٹی نے مہمانان گرامی کی نمائندگی کرتے ھوئے نہ صرف اہل چکوال کے اس جذبے کو سراہا بلکہ چکوال کمیونٹی کے اس جذبے سے متاثر ہوتے ہوئے یہ تجویز پیش کی کہ ایسی تقاریب باقی کمیونٹیز کو بھی منعقد کرنی چاہییں اور انکو ایک اجتماعی شکل دی جائے –
چوہدری نثار احمد چکرال نے اس فورم کو گواہ بناتے اس بات کا اعادہ کیا کہ چکوال کمیونٹی ہمیشہ کی طرح متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنا احترام کا رشتہ استوار رکھے گی اور ہم اسی طرح اس ملک کی معیشت میں اپنا کردار نبھاتے رہیں گے
اس کے بعد چکوال کمیونٹی کے درخشاں ستارے فرزند کرسال حافظ اکرام نے انتہائی پرمغز اور مدلل گفتگو کرتے یو اے ای کی دھرتی کے پاکستان کمیونٹی پہ احسانات کا نہ صرف اعادہ کیا بلکہ اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ ہم سب جب یہاں آئے تو کیا تھے اور آج جن عزتوں سے ہم آشنا ہیں وہ اسی دھرتی کی دی ہوئی ہے- انہوں نے اس بات پہ زور دیا کہ ہمیں ہر حال میں اس دھرتی سے پیار اور اس کے قانون کا احترام ہمہ وقت ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے-
تقریب کے اختتام میں صدارتی خطاب میں چوہدری محمد ثقلین مہرو نے تقریب میں تشریف لانے والے معزز مہمانانِ گرامی ، چکوال کمیونٹی کے متحدہ عرب امارات کے تمام حصوں سے خصوصی طور پہ شامل ہونے والے معزز ممبران اور تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ آپ سب نے اپنے قیمتی وقت میں سے یہ لمحے نکال کر اس بات کا ثبوت دیا ہے- ہمیں اس دھرتی سے عشق ہے ، اس دھرتی کے قوانین کا احترام کل بھی تھا ، آج بھی ہے اور سدا رہے گا-
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے 54 سالہ جشن کا کیک کاٹا گیا-
متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہو کر ، امارات کے قومی پرچم لہرا کر چکوال کمیونٹی نے اس بات کا ثبوت دیا کہ یہ دھرتی ہمیں دل و جان سے عزیز ہے- تقریب کے آخر میں چکوال ویلفیئر ایسوی ایشن یو اے ای کی جانب سے تمام شرکاء کے لئے پرتکلف ڈنر کا اہتمام کیا گیا-سب نے مل کر عہد کے کیا کہ ہم ہر سال اسی جوش و جذبے کے ساتھ یوم الوطنی ، عید الاتحاد کو مناتے رہیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں