کراچی کے ممتاز عالم اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
منگل کو معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان کو ڈینگی میں مبتلا ہونے کے سبب کراچی کے نجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں اور مذہبی رہنماؤں نے مفتی منیب الرحمان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ مفتی منیب الرحمان رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین اور معروف مذہبی اسکالر ہیں۔
واضح رہے کہ ڈینگی سے متاثرہ مچھر جرثومے کے پھیلاؤ کا سبب بنتا ہے، اور یہ وائرس مخصوص مچھر سے انسانوں کو منتقل ہوتا ہے، ڈینگی لاروا صاف کھڑے پانی میں افزائش پاتا ہے، اس لیے ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاروے کی افزائش روکنی ہوگی۔ قومی ادارہ صحت نے اسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔
دنیا میں چار اقسام کا ڈینگی وائرس پایا جاتا یے، اور سالانہ 50 تا 100 ملین افراد ڈینگی کا شکار بنتے ہیں، ڈینگی کے 1 فی صد مریضوں کی بیماری پیچیدگی اختیار کرتی ہے، یہ وائرس پاکستان کے قریباً ہر علاقے میں پایا جاتا ہے، ڈینگی کی بروقت تشخیص اور علاج پیچیدگی سے بچاتی ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق ڈینگی بخار کی پیچیدگی سے شرح اموات میں اضافہ ممکن ہے، علامات میں بخار، گلہ خرابی، جسم اور سر درد، قے شامل ہیں، مریض کو 3 تا 14 روز کے لیے زیر علاج رکھا جاتا ہے، مریض میں خون کے نمونے سے ڈینگی کی تشخیص کی جاتی ہے، ڈینگی کے مریض کو الگ رکھ کر وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے۔











