وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے متنازع بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔
مراد علی شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کو تاریخ کا سبق پڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ جناب پہلے اپنی گلی محلوں کی لڑائی سنبھالیں اور ہمارے بارے میں دن میں خواب دیکھنا بند کر دیں۔
مراد علی شاہ نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ بھارتی وزیرِ دفاع صاحب کو شاید یہ معلوم نہیں کہ سندھ نے تو 1936ء ہی میں بمبئی پریذیڈنسی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
سندھ کے بہادر عوام نے اپنی خودمختاری، اپنا وقار اور اپنی الگ سیاسی شناخت کو ہمیشہ ترجیح دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کل بھی پاکستان تھا، آج بھی پاکستان ہے اور قیامت تک پاکستان رہے گا۔ یہ کوئی نیا فیصلہ نہیں، یہ تو ہمارا خون میں لکھا ہوا وعدہ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے بھارتی وزیر کو مشورہ دیا کہ اپنی داخلی تقسیم، اپنے کسانوں کے احتجاج اور اپنے صوبوں کی بغاوت پر توجہ دیجیے اور سندھ کے بارے میں خواب دیکھنے کا شوق چھوڑ دیں۔












