پاکستان نے آئی بی ایس ایف اسنوکر ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
مسقط میں ہونے والے فائنل میں محمد آصف اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہانگ کانگ کو 2-3 سے شکست دی۔ فیصلہ کن فریم میں اسجد اقبال نے 104 کا شاندار بریک کھیل کر کامیابی کی راہ ہموار کی۔
وزیراعظم کی مبارکباد
پاکستانی ٹیم کی اس تاریخی فتح پر وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے محمد آصف اور اسجد اقبال کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ مہارت اور بھرپور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے چیمپئن کھلاڑیوں پر فخر ہے اور پاکستان کے نوجوان کھیل کے میدان میں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
قومی اسنوکر ٹیم نے سر فخر سے بلند کیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاکستانی ٹیم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے محمد آصف اور اسجد اقبال کو غیر معمولی کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی سنوکر ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ پوری قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے ورلڈ کپ چیمپئنز کی مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔












