کراچی میں ای چالان کے بعد روبوٹ کارز ٹریفک کا انتظام سنبھالنے کے لیے میدان میں آگئیں

کراچی پولیس نے ای چالان سسٹم کے بعد شہر کے مصروف تجارتی علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کے لیے ‘روبوٹ کاریں’ متعارف کر دی ہیں، جو خودکار کیمروں کی مدد سے سائٹ پر موجود گاڑیوں کی اسکیننگ کریں گی اور فوری طور پر جرمانے جاری کریں گی۔

ٹریفک ایڈمن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کاشف ندیم نے میڈیا کو بتایا کہ محکمے نے اس نئے نظام کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پہلے مرحلے میں یہ روبوٹ کاریں صدر اور طارق روڈ کے بازاروں میں پیٹرولنگ کا آغاز کریں گی۔

یہ خصوصی گاڑیاں تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسلسل سڑکوں کو اسکین کریں گی اور جہاں بھی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں ڈبل پارکنگ یا نو پارکنگ زونز میں کھڑی پائی گئیں، وہاں فوراً ای ٹکٹ جاری کر دیا جائے گا۔

ڈی ایس پی کاشف ندیم کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس اس سے قبل بھی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نو پارکنگ کے چالان جاری کر رہی تھی۔ اس وقت نو پارکنگ کی خلاف ورزی پر کار کے لیے 10 ہزار روپے اور موٹر سائیکل کے لیے 2 ہزار روپے جرمانہ مقرر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نظام میں ڈرائیور کے ذریعے چلنے والی یہ روبوٹ کیمرہ کاریں خود ہی غیر قانونی پارک شدہ گاڑیوں کی شناخت کریں گی اور اگلے مرحلے میں بغیر کسی پولیس اہلکار کی مداخلت کے مکمل خودکار ای ٹکٹنگ انجام دیں گی۔

دوسری جانب ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک ریگولیشن اینڈ سٹیشن سسٹم (TRACS) کا آغاز 27 اکتوبر کو کیا گیا تھا، جس کے ذریعے پرانے دستی چالان سسٹم کی جگہ اے آئی سے لیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے اوورسپیڈنگ، سرخ بتی توڑنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسی خلاف ورزیوں کی خودکار نشاندہی کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں