دبئی ایئر شو: بھارتی پائلٹس کی پاکستان کے جے ایف تھنڈر کے ساتھ تصویریں، پاک فضائیہ کے پویلین میں بھی دلچسپی

سال 2025 کے دبئی ایئر شو میں پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا اور دنیا بھر کے شوقین اور فوجی اس کی کارکردگی دیکھ کر متاثر ہوئے۔

اس موقعے پر بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی پاک فضائیہ کے جدید طیارے کے فین نکلے۔

ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس پاکستانی ہتھیاروں اور طیاروں میں دلچسپی ظاہر کی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں بھارتی پائلٹس اور اہلکار ڈسپلے ایریا میں جے ایف 17 تھنڈر کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے دکھائی دیے۔

پاکستانی حکام کے مطابق اس دوران پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بھارتی مہمانوں کو چائے کی دعوت بھی دی تاہم بھارتی اہلکاروں نے شائستگی سے معذرت کرتے ہوئے بس پانی ہی پیا۔
پاکستانی حکام نے کہا کہ ہمارا انداز ہمیشہ خوش آمدید کہنے والا ہے اور مہمانوں کی عزت اولین ترجیح ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے پر تبصرے بھی کیے گئے۔ ایک بھارتی صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملا سکتے‘۔

جبکہ ایک پاکستانی صارف نے کہا کہ ’پاک فضائیہ مہمانوں کے ساتھ پروفیشنل انداز میں پیش آتی ہے اور انہیں بہترین چائے پیش کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتی۔‘

دبئی ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی شاندار نمائش نے نہ صرف عالمی شائقین بلکہ پڑوسی ممالک کے فوجی اہلکاروں کو بھی متاثر کیا، اور پاکستانی فضائیہ کی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا عالمی منظر نامے میں دوبارہ لوہا منوایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں