وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کا نام آتے ہی ذہن میں بدتمیزی اور ماردھاڑ آتی ہے جبکہ شریف برادران کا نام ذہن میں آتے ہی ترقی ذہن میں آتی ہے۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس مںصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مریم نواز نے کہا کہ آج ہمارے مخالفین بھی کہتے ہیں کہ ن لیگ کام کرتی ہے، نواز شریف کی حکومت آتے ہی تو ملک ترقی کرتا ہے اور نواز شریف کے جاتے ہیں ملک دوبارہ پیچھے جانا شروع کردیتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں کا نام آتے ہی ذہن میں بدتمیزی اور ماردھاڑ آتی ہے جبکہ شریف برادران کا نام ذہن میں آتے ہی ترقی ذہن میں آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کو مایوسی ہوئی، ن لیگ کے سوا کسی اور نے پنجاب میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں چھ ماہ میں ایک ہزار نئی سڑکیں بنیں گی، میٹرو بسیں ہوں یا الیکٹرک بسیں، یہ عوام کے لیے ن لیگ کا تحفہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے پنجاب کے کسی شہر یا شہری میں کوئی تفریق نہیں جو بسیں دیگر شہروں میں چل رہی ہیں وہیں بسیں پنڈی کے لے ہیں، یہاں 80 بسوں کا تحفہ دے رہی ہوں۔
قبل ازیں انہوں ںے خطہ پوٹھوار میں الیکٹروبس فیز ٹو منصوبے کا افتتاح کیا۔ 45 ای بسوں کے فلیٹ سے پوٹھوہار ریجن کی پہلی گرین پبلک ٹرانسپورٹ کی لانچنگ ہوئی۔ تقریب میں وزیراعلی مریم نواز شریف کا نعرے لگا کر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیراعلی مریم نے بٹن دبا کر الیکٹرو بس کا علامتی افتتاح کیا۔ انہوں نے راولپنڈی ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی تعداد 145 تک کرنے کا اعلان کیا۔ ضلع جہلم کی عوام کو 15، چکوال میں 15 اوراٹک میں بھی 15 الیکٹرو بسوں کا تحفہ ملے گا۔
راولپنڈی ڈویژن کے عوام ماحول دوست، ائیر کنڈیشنڈ، سی سی ٹی وی کیمروں لیس شاندار اور آرام دہ الیکٹرو بس میں سفر کریں گے۔ بس کا کرایہ 20 روپے رکھا گیا ہے تاہم طلبہ، بزرگوں، خواتین اور اسپیشل پرسن کے الیکٹرو بس پر سفر بالکل مفت ہوگا۔
راولپنڈی شہر میں کے الیکٹرو بس کا روٹ ریلوے اسٹیشن سے ہمراہی بس ٹرمینل اور دوسرا روٹ فوارہ چوک سے کورال چوک تک ہوگا۔ الیکٹرو بس راولپنڈی کا تیسرا روٹ صدر اسٹیشن سے منور کالونی اور چوتھا روٹ ماریر چوک سے موٹر وے چوک تک طویل ہوگا۔
تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے خطاب کیا۔












