دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر: گڑبڑ کے پیچھے کلاؤڈ فلیئر، یہ ہے کیا؟

منگل کی شام اچانک پیش آنے والی عالمی انٹرنیٹ خرابی نے دنیا بھر کے کروڑوں صارفین کو حیران کر دیا جب ایکس، اسپوٹی فائی، کینوا، اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی، ایمازون ویب سروسز اور کئی دیگر بڑے پلیٹ فارمز ایک ساتھ بند ہو گئے۔
اس بڑے تعطل کی وجہ بنی کلاؤڈ فلیئر نامی کمپنی جو دنیا بھر کی اہم ویب سروسز کے پس پردہ کام کرتی ہے۔

اچانک آنے والی بڑی انٹرنیٹ خرابی کے نتیجے میں سوشل میڈیا، موسیقی کی ایپس، ڈیزائن پلیٹ فارمز اور اے آئی سروسز سمیت متعدد معروف ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز تک صارفین کی رسائی بند ہوگئی۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ تکنیکی مسئلہ کلاؤڈ فلیئر میں آنے والی بڑی خرابی کے باعث پیدا ہوا۔

کلاؤڈ فلیئر
کلاؤڈ فلیئر دنیا کی معروف انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر کی لاکھوں ویب سائٹس کو سیکیورٹی، رفتار اور استحکام فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ نیٹ ورکنگ، سیکیورٹی اور ڈویلپر سروسز کو ایک متحد پلیٹ فارم پر پیش کرتی ہے جس کا مقصد ویب سائٹس کو تیز، محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

کلاؤڈ فلیئر کی خدمات انفرادی صارفین سے لے کر بڑی کمپنیوں تک کو اپنے ملازمین، ڈیوائسز، ایپس، ڈیٹا اور نیٹ ورکس کو محفوظ طریقے سے آپس میں جوڑنے میں مدد دیتی ہیں۔

اسی وجہ سے اسپوٹی فائی، ایکس، کینوا اور اوپن اے آئی سمیت متعدد عالمی کمپنیوں کی آن لائن موجودگی اس سروس پر انحصار کرتی ہے۔

’ہم تو ڈوبے ہیں صنم۔۔۔‘
منگل کو ہونے کی خرابی نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ جدید ڈیجیٹل دنیا کلاؤڈ فلیئر جیسے بڑے انفراسٹرکچر فراہم کنندگان پر کس قدر انحصار کرتی ہے۔ چونکہ یہ کمپنی عالمی سطح پر انٹرنیٹ ٹریفک کو منظم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اس لیے اس کی سروس میں کسی بھی قسم کا تعطل دنیا بھر کے صارفین پر فوری اور وسیع اثرات مرتب کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی خرابی انٹرنیٹ کے بنیادی ڈھانچے کی نازکیت کو ظاہر کرتی ہے کیونکہ ایک ہی سروس پروائیڈر میں مسئلہ پیدا ہونے سے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں صارفین متاثر ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں