سعودی عرب میں مکہ مدینہ ہائی وے پر ایک خوفناک بس حادثے میں 42 بھارتی عمرہ زائرین جان کی بازی ہار گئے۔
زائرین نے مکہ مکرمہ میں اپنے عمرہ مناسک مکمل کیے تھے اور مدینہ کی طرف بس میں سفر کررہے تھے کہ یہ المناک واقعہ پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق بس کے ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا اور یہ ڈیزل سے بھرے ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے وقت بس میں کئی مسافر سو رہے تھے۔
بھارتی مشن نے پیر کو اعلان کیاکہ مدینہ کے قریب رات دیر گئے ہونے والے اس المناک بس حادثے کے پیشِ نظر جدہ میں بھارتی قونصلیٹ جنرل میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
بھارت کے قونصلیٹ اور سفارت خانہ کے اہلکاروں نے سعودی حج و عمرہ وزارت اور دیگر مقامی حکام سے رابطہ کیا اور حادثے کے مقام پر جا کر مدد فراہم کی۔
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مودی نے اپنے پیغام میں کہاکہ مدینہ میں بھارتی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے اس حادثے پر بہت افسردہ ہوں۔ میری دعائیں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھو دیے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا سفارتخانہ ریاض اور قونصلیٹ جدہ میں ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں اور ہمارے اہلکار سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
مکہ مدینہ روٹ 8 لین کا ایکسپریس وے ہے، جس پر چھوٹی گاڑیوں کی حد رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بسوں کے لیے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔












