دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی مصنفہ ثانیہ چغتائی کے بچوں کیلئے لکھی گئی Fantasy Novel “مارنی خان ” کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ کتاب ان کی نئی سیریز “دی رائز آف دی انرجی وارئرز” کی پہلی جلد ہے۔ کتاب کا باضابطہ اجراء شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں کیا گیا۔




قونصل جنرل نے مصنفہ کی تخلیقی کاوش، تصوراتی اندازِ بیان اور پاکستانی عوام کی ذہانت و صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب نوجوان قارئین میں اتحاد اور خود اعتمادی کو فروغ دیتی ہے اور ایسا ثقافتی ادب پیش کرتی ہے جو مطالعے کا شوق بیدار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ناول پاکستان کے مختلف خطّوں اور قدرتی حسن کو نمایاں کرتا ہے اور دنیا کو پاکستان کا مثبت تصور پیش کرتا ہے۔
مصنفہ ثانیہ چغتائی نے کہاکہ مارنی خان اس بات کا پیغام ہے کہ اصل طاقت اکثر وہیں ملتی ہے جہاں آپ کی توقع نہیں ہوتی — یعنی آپ کے اپنے اندر۔ میں چاہتی تھی کہ پاکستان کی بھی ایک ایسی داستان ہو جو ہیری پوٹر یا پرسی جیکسن کی طرح تخلیقی اور متاثر کن ہو، مگر ہماری اپنی ثقافت اور ورثے سے جڑی ہوئی ہو۔
یہ سیریز مہم جوئی اور جذباتی فہم کے امتزاج سے تیار کی گئی ہے، تاکہ 9 سے 13 سال کے قارئین کو ایک دلچسپ اور معنی خیز تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ دی رائز آف دی انرجی وارئرز پاکستان کے مختلف مناظر، زبانوں اور روایات کو پیش کرتی ہے اور بہادری، ہمدردی اور ثابت قدمی جیسے اقدار کو فروغ دیتی ہے۔












