نائجیریا کی ریاست کیبّی میں سرکاری گرلز اسکول پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے وائس پرنسپل کو قتل اور 25 طالبات کو اغوا کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریبا 4 بجے پیش آیا جب حملہ آور بھاری اسلحے سے لیس ہو کر اسکول میں داخل ہوئے۔ حملہ آوروں نے پہلے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا، پھر دیوار پھلانگ کر ہاسٹل میں داخل ہوئے اور طالبات کو زبردستی لے گئے۔
اس دوران وائس پرنسپل حسن یعقوب مکُکو مزاحمت کرتے ہوئے گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اور ملازم زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق اضافی پولیس یونٹس، فوج اور مقامی رضاکار فورسز کو اردگرد کے علاقوں اور جنگلات میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
نائجیریا کے شمال مغربی علاقوں میں بڑے پیمانے پر اغوا اور تاوان کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں شمال مشرقی شہر چیبوک سے بوکو حرام نے 270 سے زائد طالبات کو اغوا کیا تھا، جن میں سے کئی آج تک واپس نہیں لوٹ سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود سیکیورٹی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور اسکولز، گاؤں اور شاہراہیں مسلح گینگز کے نشانے پر ہیں۔












