پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا ، انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہم آزاد کشمیر میں حکومت بنائیں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری یاسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔

چوہدری یاسین کا کہنا تھا کہ آج پیپلز پارٹی کشمیر میں ایک مضبوط سیاسی جماعت ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی کے مفاد میں اہم فیصلے کئے ہیں ، ہم نے اگلے الیکشن کی تیاری کے ساتھ لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں۔

قبل ازیں نجی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی نے فوری طور پر تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کو فوری مظفرآباد پہچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر اراکین کے دستخط کروا لیے گئے۔

تحریک عدم اعتماد کے لیے سادہ اکثریت میں 27 ووٹ درکار ہیں، پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد کے لیے 36 سے زائد اراکین کی حمایت کا دعویٰ کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں