دو سال بعد لکس ایوارڈز کی تقریب منعقد کرنے کا اعلان

پاکستان کے مقبول اور قدیم ترین پاپ کلچر ایوارڈ شو لکس اسٹائل ایوارڈز (ایل ایس اے) انتظامیہ نے دو سال بعد رواں برس دسمبر میں کراچی میں مکمل فزیکل تقریب منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

لکس اسٹائل ایوارڈز انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24ویں ایڈیشن دو سال کے وقفے کے بعد پہلی بار مکمل فزیکل شکل میں منعقد ہو گا۔

گذشتہ چند سال لکس اسٹائل ایوارڈز کے لیے آسان نہیں رہے،سال 2020 میں کورونا کی وجہ سے تقریب منسوخ کی گئی تھی اور بجٹ کو اخوت فاؤنڈیشن کو فیشن انڈسٹری کے متاثرہ کارکنوں کی مدد کے لیے منتقل کیا گیا تھا۔

اسی طرح 19ویں ایڈیشن کے فاتحین کا اعلان بھی بغیر کسی تقریب کے کیا گیا تھا۔

رواں برس مئی میں پاک – بھارت کشیدگی کے باعث 23ویں ایڈیشن کے لیے بھی ڈیجیٹل طور پر فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔

اب 24ویں ایڈیشن کو ’مرر دی میجک‘ کی تھیم کے ساتھ منعقد کیا جائے گا، جس میں پاکستانی تخلیقی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر جشن شامل ہو گا۔

اس بار ایک نئی ایوارڈ کیٹیگری بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو ’ڈیجیٹل کنٹنٹ کریئیٹرز‘ کے لیے ہے۔

یونی لیور پاکستان کے جنرل منیجر پرسنل کیئر، ثمر سلطان کے مطابق یہ کیٹیگری تخلیقی معیشت پر کنٹنٹ کریئیٹرز کے بڑھتے اثر و رسوخ اور کہانی سنانے کے مستقبل میں ان کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔

لکس اسٹائل کی تقریب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منعقد کی جائے گا اور ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں