بلدیہ ٹاؤن میں تیزرفتار کوچ موٹرسائیکل پر الٹ گئی، زد میں آکر 2 نوجوان بھائی جاں بحق

بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کی زد میں آکر موٹر سایئکل پر سوار 2 سگے بھائی جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہوگئی۔
شارجہ مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے کے حادثے میں کوچ میں سوار خاتون سمیت 11 مسافر بھی زخمی ہوئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پر پہنچ گئی اور متوفین کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منقتل کیا۔

حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں جاں بحق 2 سگے بھائیوں کی شناخت 17 سالہ علی شاہ اور 15 سالہ دانیال ولد جاوید کے نام سے کی گئی۔

حادثے میں جاں بحق سگے بھائیوں کی زخمی والدہ سائرہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بلدیہ نیول کالونی جا رہی تھی کہ کوچ الٹنے کے نتیجے میں موٹر سائیکل اس کی زد میں آگئی جس کے باعث ان کا ہاتھ بھی ٹوٹ گیا جبکہ دونوں بیٹے زندگی کی بازی ہار گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی متوفین بھائیوں کا والد جاوید بھی اسپتال پہنچ گیا جہاں جوان بیٹوں کی موت پر کئی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 55 سالہ عاشق خان ، 28 سالہ سعید احمد ، 32 سالہ شعیب ، 38 سالہ عبدالباسل ، 55 سالہ محمد کمال ، 45 سالہ سلیم ، 55 سالہ زینت ، 55 عقیل ، 35 سالہ مسافر خان اور 35 سالہ مقصود کے نام سے کی گئی جبکہ ایک 30 سالہ زخمی کی شناخت نہیں ہو سکی ۔

ایس ایچ او سعید آباد پرویز سولنگی نے بتایا کہ فوری طور پر مسافر کوچ کے ڈرائیور کا معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ زخمی ہے یا موقع سے فرار ہوگیا ہے اس حوالے سے پولیس معلومات حاصل کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں