ترکیہ کے مغربی حصے میں پیر کی شب آنے والے شدید زلزلے سے پہلے سے متاثرہ کم از کم 3 عمارتیں منہدم ہو گئیں، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترک انتظامیہ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز صوبہ بلیق اسیر کے قصبے سندرگی میں تھا۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 48 منٹ پر 5.99 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
زلزلے کے جھٹکے استنبول، بورصہ، منیسا اور ازمیر سمیت قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق سندرگی میں 3 غیرآباد عمارتیں اور ایک دو منزلہ دکان زمین بوس ہو گئیں۔ یہ تمام عمارتیں پہلے آنے والے زلزلے میں پہلے ہی متاثر ہو چکی تھیں۔
صوبائی گورنر اسماعیل اوستاؤغلو کے مطابق خوف کے باعث بھاگنے کے دوران 22 افراد زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
سندرگی کے ضلعی منتظم دوغوکان کویونجو نے اناطولیہ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی، تاہم جائزہ کا عمل جاری ہے۔












