اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ اور چھٹی کی درخواست منظر عام پر آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے بیماری کے باعث 3 دن کی طبی رخصت کی درخواست دی تھی، تاہم ان کی چھٹی منظور نہیں کی گئی، اسی وجہ سے وہ ڈیوٹی پر موجود تھے
میڈیکل رپورٹ کے مطابق عدیل اکبر کا ڈینگی ٹیسٹ 20 اکتوبر کو مثبت آیا تھا اور ڈاکٹرز نے انہیں 3 دن تک مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے بیماری کے باعث اپنی رخصت کی درخواست ڈی آئی جی اسلام آباد کو ارسال کی تھی، جبکہ طبی رخصت سے متعلق اطلاع اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو بھی دی گئی تھی۔
درخواست میں ایس پی عدیل اکبر نے استدعا کی تھی کہ انہیں 20 سے 22 اکتوبر تک طبی بنیادوں پر چھٹی دی جائے تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹی کی منظوری نہ ملنے کے باعث ایس پی عدیل اکبر شدید بخار کے دوران بھی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ ایس پی عدیل اکبر نے 23 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقے سرینا چوک کے قریب اپنی ہی پستول سے خود کو گولی مار لی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی تفتیش پولیس حکام کی جانب سے جاری ہے۔












