قومی سائبر کرائم اتھارٹی (NCCIA) نے کارروائی کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کی رہنما اور سابق رکنِ اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف ریاست مخالف مواد پھیلانے پر مقدمہ درج کر لیا۔
شاندانہ گلزار نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم سے متعلق جعلی تصویر اور غلط معلومات شیئر کیں۔ جھوٹی خبر میں وزیراعظم پر اسرائیلی وزیرِاعظم سے ملاقات کا الزام لگایا گیا تھا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے ٹویٹس میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات شامل تھے، جن سے نسلی اور لسانی منافرت کو ہوا دینے اور عوام میں ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شاندانہ گلزار نے فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ آگے بڑھایا۔
ملزمہ کے خلاف سیکشن 11، 20 اور 26-اے آف پی ای سی اے 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ریاست مخالف مہم کے پیچھے دیگر عناصر اور معاونین کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔