اوپن اے آئی نے ویب براؤزر متعارف کرادیا، گوگل کروم کے لیے خطرے کی گھنٹی؟

اوپن اے آئی نے منگل کے روز چیٹ جی پی ٹی ایٹلس کے نام سے ایک نیا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ویب براؤزر متعارف کرایا ہے جو کمپنی کے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے گرد ڈیزائن کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اقدام کو گوگل کروم کی مارکیٹ میں اجارہ داری کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین نے ایک آن لائن پریزنٹیشن میں بتایا ہے کہ یہ ایک اے آئی پاورڈ ویب براؤزر ہے جو چیٹ جی پی ٹی کے گرد تشکیل دیا گیا ہے۔
ایٹلس براؤزر فی الحال دنیا بھر میں ایپل کے میک او ایس پر دستیاب ہے، جب کہ کمپنی کے مطابق یہ جلد ہی ونڈوز، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

اوپن اے آئی کے اس اعلان کے بعد گوگل کروم کے مالک ادارے الفابیٹ کے شیئرز دوپہر کے تجارتی سیشن میں 2.6 فیصد گر گئے۔
یہ براؤزر تیزی سے بڑھتی ہوئی اے آئی براؤزر مارکیٹ میں ایک نیا اضافہ ہے، جس میں پہلے ہی پرپلکسیٹی کا کومیٹ اور اوپیرا کا نیون، جیسی پروڈکٹس موجود ہیں۔

ان سب میں ایسے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں جو ویب پیجز کا خلاصہ بناتے ہیں، فارم بھرتے ہیں، یا کوڈ تیار کرتے ہیں تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایٹلس صارفین کو کسی بھی ویب پیج کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی کی سائیڈ بار کھولنے کی اجازت دیتا ہے، جہاں وہ مواد کا خلاصہ حاصل کر سکتے ہیں، مصنوعات کا موازنہ کر سکتے ہیں یا کسی بھی ویب سائٹ کے ڈیٹا کا تجزیہ کر سکتے ہیں۔

مزید یہ کہ ایجنٹ موڈ میں چیٹ جی پی ٹی صارف کی جانب سے ویب سائٹس کے ساتھ براہ راست تعامل کرتا ہے مثلاً کوئی صارف مکمل تحقیق یا سفر کی خریداری جیسے کام ایک ہی جگہ انجام دے سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں