ہانگ کانگ: کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، 2 افراد ہلاک

ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا۔

محکمہ شہری ہوا بازی کے مطابق بوئنگ 747-481 طیارہ رن وے سے باہر نکلتے ہوئے باڑ سے ٹکرا گیا اور ایک پیٹرولنگ گاڑی سے ٹکرانے کے بعد سمندر میں جا پہنچا، جس کے نتیجے میں دو گراؤنڈ اسٹاف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

طیارہ حادثے میں چاروں عملے کے ارکان زندہ بچ گئے جنہیں امدادی کارروائیوں کے دوران بحفاظت نکال لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ ایمریٹس کی پرواز EK9788 تھی جو دبئی سے ہانگ کانگ پہنچی تھی اور مقامی وقت کے مطابق صبح 3:50 بجے لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔

طیارہ دو حصوں میں ٹوٹ چکا ہے اور اس کا کچھ حصہ سمندر میں گر گیا ہے۔ شمالی رن وے کو بند کر دیا گیا ہے تاہم ایئرپورٹ کی دیگر دو رن ویز پر پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

یہ 1998 میں موجودہ ہانگ کانگ ایئرپورٹ کے افتتاح کے بعد پیش آنے والا دوسرا ہلاکت خیز فضائی حادثہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں