دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں کمی، مگر 31 ممالک کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔
تازہ عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں کمی آئی ہے، تاہم پاکستانی شہری اب بھی دنیا کے مختلف خطوں میں کئی دلچسپ ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ کی نئی درجہ بندی
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ اب 103ویں نمبر پر ہے اور اسے یمن کے برابر قرار دیا گیا ہے۔
یہ ایک نمایاں کمی ہے کیونکہ اس سے قبل پاکستان 96ویں نمبر پر تھا اور 32 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل تھی، جو اب گھٹ کر 31 ممالک رہ گئی ہے۔
پاکستان سے نیچے صرف عراق (104واں نمبر، 29 ممالک)، شام (105واں نمبر، 26 ممالک) اور افغانستان (106واں نمبر، 24 ممالک) موجود ہیں۔
مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں 3 ایشیائی ممالک، سنگاپور، جنوبی کوریا اور جاپان سرفہرست ہیں۔
سنگاپور کے شہری 193 ممالک میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں، جنوبی کوریا 190 اور جاپان 189 ممالک تک رسائی رکھتا ہے۔
یورپ میں جرمنی، اٹلی، لکسمبرگ، اسپین اور سوئٹزرلینڈ 188 ویزا فری مقامات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
امریکا کا پاسپورٹ اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، پہلی بار وہ دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹس میں شامل نہیں رہا۔ 2014 میں نمبر ایک پر رہنے والا امریکی پاسپورٹ اب 12ویں نمبر پر ہے۔
اسی طرح برطانوی پاسپورٹ بھی اپنی پوزیشن کھو چکا ہے اور 6ویں سے 8ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔
چین کی تیزی سے ترقی
اس کے برعکس چین نے گزشتہ دہائی میں سب سے زیادہ ترقی کی ہے۔ 2015 میں 94ویں نمبر پر موجود چین اب 64ویں نمبر تک پہنچ چکا ہے اور صرف ایک سال میں اس نے 30 ممالک کے ساتھ ویزا فری معاہدے کیے ہیں۔
چین نے حال ہی میں روس سمیت متعدد خلیجی، جنوبی امریکی اور یورپی ممالک کو ویزا فری رسائی دی ہے، جس سے ایشیا پیسیفک خطے میں اس کا اثر مزید بڑھا ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ پر ویزا فری ممالک
پاکستانی شہری جن ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں ان میں بارباڈوس، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے جزائر، کومورو جزائر، کک آئی لینڈز، جبوتی، ڈومینیکا، گنی بساؤ، ہیٹی، کینیا، مڈغاسکر، مالدیپ، مائیکرونیشیا، مونٹسریٹ، موزمبیق، نیپال، نیوئے، پالاؤ جزائر، قطر، روانڈا، سیموآ، سینیگال، سیشلز، سیرا لیون، سری لنکا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز، تیمور لیستے، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، توالو اور وانواتو شامل ہیں۔