معروف ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایچ بی او میکس نے باضابطہ طور پر 15 نئے ممالک میں اپنی سروس کا آغاز کر دیا ہے، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، مکاؤ، سری لنکا اور یوکرین شامل ہیں۔ اس توسیع کے ساتھ وارنر برادرز ڈسکوری نے ایشیا اور یورپ میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنا لی ہے۔
پاکستان میں ایچ بی او میکس کی آمد کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا، جہاں اب صارفین ویب سائٹ اور ایپ اسٹورز کے ذریعے اسٹریمنگ سروس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر ایچ بی او، میکس اوریجنلز، وارنر برادرز، ڈی سی یونیورس، ڈسکوری اور وِزرڈنگ ورلڈ کے مشہور پروگرام ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے۔
دستیاب شوز میں گیم آف تھرونز، ہاؤس آف دی ڈریگن، دی لاسٹ آف اس، دی پینگوئن اور دی پٹ جیسے عالمی مقبول ڈرامے شامل ہیں، جبکہ ہالی ووڈ کی مشہور فلمیں جیسے سپر مین، اے مائن کرافٹ مووی، دی لارڈ آف دی رنگز، دی میٹرکس اور ہیری پوٹر سیریز بھی پلیٹ فارم کا حصہ ہوں گی۔
ڈسکوری کے ریئلٹی شوز ڈیدلیسٹ کیچ اور گولڈ رش بھی صارفین کے لیے دستیاب ہیں، جبکہ بچوں کے لیے ٹام اینڈ جیری، دی ونڈرفلی ویئرڈ ورلڈ آف گمبال اور لونی ٹونز جیسے مشہور کارٹون شامل کیے گئے ہیں۔ کلاسک سِٹ کومز فرینڈز اور دی بگ بینگ تھیوری جنوری 2026 میں پلیٹ فارم پر پیش کی جائیں گی۔
ایچ بی او میکس آئندہ مہینوں میں کئی نئے میکس اوریجنلز ریلیز کرنے جارہا ہے، جن میں 27 اکتوبر کو ریلیز ہونے والا آئی ٹی، ویلکم ٹو ڈیری بھی شامل ہے، جو اسٹیفن کنگ کے معروف ناول آئی ٹی کی پری کوئل سیریز ہے۔ آنے والی فلموں میں ایم3گن 2.0، مشن امپاسیبل – دی فائنل ریکننگ، ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن اور ویپنز شامل ہیں۔
پاکستان میں صارفین کے لیے ایچ بی او میکس نے دو پیکجز متعارف کرائے ہیں۔ اسٹینڈرڈ پلان کی ماہانہ فیس 800 روپے اور سالانہ 5 ہزار 600 روپے رکھی گئی ہے، جبکہ پریمیئم پلان 1 ہزار 100 روپے ماہانہ یا 7 ہزار 700 روپے سالانہ میں دستیاب ہوگا۔
صارفین ایک اکاؤنٹ پر پانچ تک ذاتی پروفائل بنا سکیں گے جن میں بچوں کے لیے پیرنٹل کنٹرولز کے ساتھ الگ اکاؤنٹس شامل ہوں گے۔ یہ سروس ایل جی اور سام سنگ سمیت تمام بڑے اسمارٹ ٹی وی برانڈز پر دستیاب ہے اور صارفین ان ممالک میں بھی مواد دیکھ سکیں گے جہاں ایچ بی او میکس کی سروس موجود ہے۔