اسرائیل نے محصور غزہ پٹی میں داخل ہونے والی امداد پر نئی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں اور اعلان کیا ہے کہ رفح کراسنگ بدستور بند رہے گی جبکہ اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں میں کم از کم 9 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ منگل کو اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کو آگاہ کیا کہ بدھ سے روزانہ صرف 300 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جو پہلے طے شدہ تعداد کا آدھا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے ہم آہنگیِ انسانی امور کی ترجمان اولگا چیریویکو نے تصدیق کی کہ اسرائیل کی جانب سے باضابطہ اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں ایندھن یا گیس کی ترسیل پر مکمل پابندی ہوگی، سوائے ان مخصوص ضروریات کے جو انسانی ہمدردی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ہوں۔
اسرائیلی حکام نے اعلان کیا کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ بدستور بند رہے گی جس کے باعث امدادی ترسیل مزید متاثر ہوگی۔ اقوام متحدہ کے پاس اس وقت 1,90,000 میٹرک ٹن امداد غزہ بھیجنے کے لیے تیار موجود ہے، مگر اسرائیلی پابندیاں اس عمل میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
تازہ اسرائیلی حملے
غزہ کی طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی اور جنوبی غزہ میں تازہ کارروائیوں کے دوران کم از کم 9 فلسطینیوں کو شہید کیا۔
6 افراد غزہ شہر میں اور 3 خان یونس میں جاں بحق ہوئے۔
الاہلی عرب اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ شجاعیہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے 5 فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ شمالی غزہ میں فوج کے قریب آنے والے خطرے کو ختم کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی۔
جنگ بندی خطرے میں
یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روز قبل نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود تناؤ بڑھ گیا ہے۔
یہ جنگ بندی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے، جس کے تحت فریقین نے قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم 67,913 فلسطینی شہید اور 170,134 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ہزاروں لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں 1,139 اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے۔
اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ریڈ کراس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی تمام سرحدی گذرگاہیں فوری طور پر کھولی جائیں تاکہ غذائی و طبی امداد کی ترسیل ممکن ہو۔