ڈیزائن سافٹ ویئر فیگما نے گوگل کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے جیمنی اے آئی ماڈلز کو اپنے پلیٹ فارم میں ضم کر دیا ہے، جس سے مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیزائن ٹولز میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے تحت جیمنی 2.5 فلیش، جیمنی 2.0 اور امیجن 4 ماڈلز شامل کیے گئے ہیں، جن سے فیگما کی امیج ایڈیٹنگ اور جنریشن صلاحیتیں مزید بہتر ہو گئی ہیں، یہ تعاون فیگما اور گوگل کلاؤڈ کے درمیان جاری پارٹنرشپ کا تسلسل ہے۔
اب فیگما کے 1 کروڑ 30 لاکھ ماہانہ صارفین سادہ ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے براہِ راست تصاویر بنا اور ایڈٹ کر سکیں گے۔
ابتدائی تجربات میں جیمنی 2.5 فلیش نے فیگما کے میک امیج فیچر میں 50 فیصد تیزی دکھائی، جس سے ڈیزائن کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ ہموار اور تیز ہوگیا، یہ اقدام اس وسیع رجحان کا حصہ ہے جس میں بڑے اے آئی ڈویلپرز اپنے ماڈلز کو معروف پلیٹ فارمز میں ضم کر کے ان کے استعمال کو عام بنا رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی نے بھی اعلان کیا تھا کہ اب صارفین اسپاٹی فائے، بُکنگ ڈاٹ کام، فیگما اور کینوا جیسے ایپس کے ساتھ براہِ راست چیٹ جی پی ٹی کے اندر چیٹ کر سکیں گے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ جیمنی کا تعاون منفرد ضرور ہے مگر واحد نہیں۔
اس موقع پر الفابیٹ کے زیر ملکیت گوگل نے جیمنی انٹرپرائز کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جو کمپنیوں کے لیے ایسا کنورسیشنل اے آئی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے وہ اپنے ڈیٹا، ایپس اور اے آئی ایجنٹس سے بات چیت کر سکیں گے۔
ساتھ ہی گوگل نے گیپ، کلارنا، مرسڈیز، ورجن ووئیجز سمیت کئی کمپنیوں کے ساتھ نئی شراکتوں کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق اس وقت گوگل کلاؤڈ کے تقریباً 65 فیصد صارفین پہلے ہی اس کے اے آئی ٹولز استعمال کررہے ہیں۔