ڈی آئی خان، پولیس ٹریننگ سینٹر پرفتنۃ الخوارج کا حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

دہشت گردوں نے ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ پر حملہ کر دیا اور اندر داخل ہوگئے، سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور سینٹر کو گھیر لیا جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ اسکول ڈیرہ پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تاہم پولیس کے دستے اور سیکیورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئیں جبکہ جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد واصل جہنم کردیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر کے مین گیٹ سے خود کش گاڑی ٹکرائی اور مقابلے میں سینٹر میں داخل ہونے والے تینوں دہشت گرد ہلاک ہوئے،

ڈی پی او نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ سینٹر میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کے وقت زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جن سے گھروں کی دیواریں لرز اٹھیں، آوازیں دور دور تک سنی گئیں، پولیس جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئی۔

متعلقہ ایس ایچ او کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان سے دس کلومیٹر دور اور تھانہ صدر سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ کیا، تین راکٹ لانچر پولیس ٹریننگ اسکول پر داغے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ، ایس پی سی ٹی ڈی اور تمام سرکلر کے ایس ڈی پی اوز موقع پر پہنچ گئے، دہشت گردوں پولیس ٹریننگ سینٹر میں مرکزی دروازے سے داخل ہو گئے سینٹر میں موجود ہیں، پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ٹریننگ سینٹر کے گرد مختلف اطراف سے گھیرا ڈال لیا ہے بعدازاں پولیس کے دستے ٹریننگ اسکول میں داخل ہوگئے۔

ڈی پی او سجاد احمد صاحب زادہ کے مطابق ڈیرہ اسٹیشن کمانڈر ابوبکر اور پولیس حکام نے پولیس ٹریننگ سینٹر کو چاروں طرف سے گھیرلیا ہے، پولیس اندر داخل ہوچکی ہے جن میں پولیس کمانڈوز، البرق فورسز اور بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں، دہشت گردوں کی تعداد کا تعین ابھی نہیں ہوا۔

چہکان ایف سی قلعہ سے ایس ایس جی کے دستوں کو بھی فوری طور پر پولیس ٹریننگ سینٹر طلب کرلیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں