میٹا کی زیر ملکیت ایپ واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر ’اسٹیٹس کوئسچن‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر سوالات پوسٹ کرسکیں گے۔ یہ فیچر صارفین کے درمیان براہِ راست بات چیت اور انٹرایکشن کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارف اپنے اسٹیٹس میں سوال شامل کر سکتا ہے، جس کے جواب دیکھنے والے براہِ راست دے سکیں گے۔ تمام جوابات خفیہ ہوں گے اور صرف سوال پوسٹ کرنے والا صارف ہی انہیں دیکھ سکے گا۔
ہر نئے جواب پر صارف کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جبکہ وہ منتخب جوابات کو نئے اسٹیٹس کے طور پر شیئر بھی کر سکے گا، البتہ جواب دینے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔
وٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر مکمل طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوگا، یعنی صرف بھیجنے والا اور وصول کنندہ ہی پیغامات دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے اور صرف اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.25.19.12 اور 2.25.29.12 استعمال کرنے والے محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اسے مرحلہ وار عام صارفین کے لیے بھی جاری کیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نیا فیچر انسٹاگرام کے ’کوئسچن اسٹیکر‘ سے کافی مشابہت رکھتا ہے، جو صارفین کو سوالات پوچھنے اور جوابات حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔