مریم نواز کے بیانات : محسن نقوی صدر زرداری کی ہدایت پر وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرانے کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحرک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبوں کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدرِ مملکت نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو موجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں، وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور مختلف صوبوں کے درمیان رابطوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کی نگران حکومت کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی خفگی، بعض بیانات اور انتظامی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

صدر آصف علی زرداری نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سطح پر ہم آہنگی بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بھی حالیہ صورتحال میں محتاط گفتگو کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف سے آج ملاقات کریں گے، جس میں مریم نواز کے حالیہ بیانات اور پنجاب حکومت کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں