کراچی میں بھتہ مافیا پھر سرگرم، کون سے گروپس شامل ہیں؟

کراچی میں بھتہ مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ رواں سال اب تک شہر بھر میں بھتے کے 96 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی اس سلسلے میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے، جہاں 37 بھتے کے کیس رپورٹ ہوئے۔ ضلع غربی میں 20، شرقی میں 15، سٹی میں 12، ملیر میں 5، کورنگی میں 3 جبکہ جنوبی اور کیماڑی اضلاع میں دو، دو واقعات سامنے آئے۔

حکام کے مطابق رواں سال اب تک 33 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ 4 بھتہ خور سی آئی اے کے مبینہ مقابلوں میں مارے گئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھتہ وصولی میں لیاری گینگ وار کے مختلف گروہ سرگرم ہیں جن میں وصی لاکھو، احمد مگسی، ایاز زہری، سکندر سکھو، سابقہ عزیر بلوچ گروپ اور بہادر پی ایم ٹی گروپ شامل ہیں۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ بھتے کی کالز اکثر غیرملکی نمبروں سے کی جاتی ہیں، اور رقم بیرونِ ملک منتقل کی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق بھتہ مافیا کے سرغنہ وصی لاکھو کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لیے بھی خطوط تحریر کیے جاچکے ہیں۔

سیکورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شہر میں بھتہ مافیا کے دوبارہ فعال ہونے سے تاجروں اور صنعت کاروں میں عدم تحفظ کی فضا بڑھ رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام اضلاع میں گینگ وار کے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں