ڈیرہ اسماعیل خان: انٹیلی جنس آپریشن میں بھارتی سرپرستی یافتہ 13 خارجی ہلاک، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس میں 13 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں ہونے والا خودکش حملہ، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی پشت پناہی رکھنے والے دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرست دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا درابن آپریشن میں 13 دہشتگردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہی دہشتگرد تھے جنہوں نے دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملہ کرکے معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچایا تھا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور مہارت کے باعث ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تمام حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں