خاص پیغام کی یادہانی کے لیے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے اب کسی بھی خاص پیغام کے لیے یاددہانی سیٹ کی جاسکتی ہے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اہم گفتگوؤں میں شیئر کی گئی تفصیلات کو بروقت یاد دلانا اور جواب دینا آسان بنانا ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو کسی بھی چیٹ میں پیغام کو لانگ پریس کرنا ہوگا اور سامنے آنے والے مینو سے ریمائنڈ می کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد 2، 8 یا 24 گھنٹے کے پری سیٹ آپشنز میں سے انتخاب کیا جاسکتا ہے یا پھر وقت اور تاریخ اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کی جاسکتی ہے۔

مقررہ وقت پر واٹس ایپ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جس میں پیغام کا مواد، چیٹ کا نام اور میڈیا کا پری ویو بھی شامل ہوسکتا ہے، یہ سب آئی فون کی نوٹیفکیشن سیٹنگز پر منحصر ہوگا۔

یہ نیا فیچر ان صارفین کے لیے خاصا مددگار ثابت ہوگا جو پہلے کسی پیغام کو اسٹار کر کے یا اس کا اسکرین شاٹ لے کر یاد رکھتے تھے۔ واٹس ایپ کا یہ ٹول نہ صرف زیادہ قابلِ اعتماد ہے بلکہ یاد رکھنے کی جھنجھٹ کو بھی ختم کرتا ہے۔

اگر کوئی صارف یاددہانی ختم کرنا چاہے تو وہ دوبارہ اس پیغام کو لانگ پریس کرے، More کا آپشن منتخب کرے اور پھر Cancel Reminder پر کلک کر دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں