پاک سعودی تاریخی معاہدہ، مزار قائد اور سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹر سبز رنگ میں رنگ گئے

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی نوعیت کے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کے بعد ملک میں جشن کا ماحول دیکھنے میں آیا۔

کراچی میں واقع مزار قائد اور سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈکوارٹر کو خصوصی طور پر سبز روشنیوں سے منور کر دیا گیا، جبکہ دونوں عمارات پر پاکستانی پرچم کے ساتھ سعودی عرب کا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جس سے دونوں اقوام کے درمیان مضبوط ہوتے روابط اور بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ معاہدہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اگر کسی ایک ملک پر بیرونی حملہ کیا جاتا ہے تو اسے دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ دفاعی تعاون کو نئی وسعت دیتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں