امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائن الیون کی برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ امریکا کو 11 ستمبر 2001 کے حملے کبھی نہیں بھولیں گے اور جو بھی امریکا پر حملہ کرے گا، ہم اسے چن چن کر نشانہ بنائیں گے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق نائن الیون کے سانحے کی یاد میں ہونے والی ایک تقریب میں ٹرمپ نے کہا، “آج ایک قوم کے طور پر ہم اپنے مقدس عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ نائن الیون امریکا کی تاریخ کا بدترین واقعہ تھا، جس میں بھاری جانی نقصان ہوا۔“ انھوں نے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی برسی پر پینٹاگون میں ایک یادگاری تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کیا۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”اگر امریکا پر کوئی حملہ کرتا ہے تو ہم اسے بے رحمی سے شکار کریں گے۔“ اس کے بعد، صدر ٹرمپ نیو یارک میں یانکیز گیم میں شریک ہونے کے لیے روانہ ہوئے۔
صدر ٹرمپ نے پینٹاگون میں خطاب کے دوران کہا، ”جو بھی امریکا پر حملہ کرے گا، ہم اسے چن چن کر نشانہ بنائیں گے۔“ انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ کبھی نہیں رک سکتی اور جب تک امریکا پر کوئی خطرہ ہے، ہم اسے پوری شدت سے جواب دیں گے۔
صدر نے دفاعی وزارت کا نام تبدیل کرنے کا اعلان بھی کیا، جسے اب ”ڈپارٹمنٹ آف وار“ (محکمہ جنگ) کہا جائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ”یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ امریکا کا پیغام واضح ہو کہ ہم اپنے دشمنوں کے خلاف بھرپور طاقت سے لڑیں گے۔“
صدر ٹرمپ نے مزید کہا، ”نائن الیون کے حملے نے کئی لوگوں کے خواب چھین لیے تھے۔ آج کا دن ہمیں اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے۔“