سیلاب متاثرین کے لیے وفاق کو فوری فلیش اپیل کرنی چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور بقا قائداعظم کے اصولوں اور وژن پر عمل کرنے میں مضمر ہے، ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے بغیر منزل نہیں مل سکتی۔
صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو حالیہ سیلاب کے تناظر میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے فوری طور پر فلیش اپیل کرنی چاہیے، کیونکہ اس وقت متاثرین کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت تنقید کا نہیں بلکہ تعمیری کردار ادا کرنے کا ہے، ایسی تنقید نہ کی جائے جس سے قوم کو مزید تکلیف پہنچے۔
کراچی میں اربن فلڈنگ پر تنقید کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ بارش کے بعد بہت سارے برساتی مینڈک نکل آئے ہیں۔

انہوں نے بعض عناصر کو خبردار کیا کہ بارش اور سیلاب کے تناظر میں سیاست اور لسانی تفریق پیدا نہ کریں، جو کچھ الطاف حسین نے کیا، اس کا حشر دیکھ لیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہریوں نے، اس شہر اور ملک نے بہت کچھ سہا ہے، لہٰذا لسانی بنیادوں پر سیاست نہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں انتظامیہ اور منتخب نمائندے سڑکوں پر موجود رہے۔ ’ہم اپنے کام سے مطمئن ہیں، اس لیے غلط افواہیں پھیلانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکی جانب سے سیاسی اور تکنیکی حوالوں سے غیرمتنازع تمام آبی منصوبوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اس سے اچھی بات نہیں کہی جاسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں