واٹس ایپ نے اسٹیکر تخلیق کرنا مزید آسان بنادیا

واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے ذاتی اسٹیکرز بنا کر براہِ راست اپنی کلیکشن میں محفوظ کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو اسٹیکر بناتے ہی فوراً چیٹ میں بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ انہیں محفوظ کرکے بعد میں استعمال کرسکیں گے۔

یہ فیچر صارفین کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنے اسٹیکرز کو موجودہ پیکس میں شامل کریں، نئے پیکس تیار کریں یا پھر انہیں فیورٹ میں رکھ کر فوری رسائی حاصل کریں۔

یہ اپ ڈیٹ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مددگار ہے جو اکثر اسٹیکرز تخلیق کرتے ہیں اور انہیں استعمال کرنے سے پہلے ایک کلیکشن میں ترتیب دینا چاہتے ہیں۔

فی الحال یہ سہولت اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اسے مزید صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

گزشتہ چند دنوں میں واٹس ایپ نے کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر اور نیا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی ایک اور فیچر پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت صارفین دیکھ سکیں گے کہ ان کے اسٹیٹس کو حال ہی میں کس نے دیکھا ہے۔

یہ فیچر انسٹاگرام کے انداز سے مشابہ ہوگا جس میں ناظرین کی چھوٹی پروفائل تصاویر اور کل ویو کاؤنٹ دکھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں