کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے جبکہ 31 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی ہے کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اگر ڈاکٹرز کی تجویز پر کسی بھی مریض کو کراچی منتقل کرنا ضروری ہو تو حکومت بلوچستان کی فضائی سروسز بروئے کار لائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کی طبی ریلیف کے لیے حکومت کے تمام وسائل دستیاب ہیں۔
پولیس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ دھماکہ خودکش معلوم ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دن بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے جلسے کے بعد دھماکا ہوا ہے جس میں ابتدائی طور پر 5 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوگئے، تاہم اختر مینگل بال بال بچ گئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے بعد علاقے میں شدید بھگدڑ مچ گئی۔
واضح رہے کہ شاہوانی اسٹیڈیم میں سردار عطا اللہ مینگل کی چوتھی برسی کے سلسلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کا جلسہ جاری تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا جلسے کے اختتام کے بعد ہوا۔