بھارت نے دریائے توی میں بھی پانی چھوڑ دیا، سیلابی صورتحال کا خدشہ، الرٹ جاری
بھارت نے ستلج کے بعد دریائے توی میں بھی پانی چھوڑ دیا جس کے باعث دریائے توی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
وزارت آبی وسائل نے اطلاع ملتے ہی ایک دن میں دوسرا ہنگامی الرٹ بھی جاری کر دیا ہے اور 28 اداروں کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جان ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور دریائے توی میں ہائی فلڈ کا خطرہ موجود ہے۔
ڈی جی نے بتایا کہ جموں توی میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ شمالی پنجاب میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔
عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریائے چناب میں صرف ایک گھنٹے میں ساٹھ ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے، ہیڈ مرالہ سے تریموں تک دس لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نالہ ڈیک نے سیالکوٹ، ناروال اور پسرور کو متاثر کیا جبکہ اب ان علاقوں میں مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں ہائی فلڈ کی صورتحال برقرار ہے، میلسی، بہاولپور اور بہاولنگر سیلاب کی لپیٹ میں ہیں، ہیڈ سدھنانی پر پانی کی سطح ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ادارے متحرک ہیں اور کسی بھی بند کو توڑنے سے پہلے مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ہیڈ صفورا اگلے 24 گھنٹوں میں نہایت اہم ثابت ہوگا اور وہاں سے قریبی 22 دیہاتوں کا انخلا ممکن بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ راوی اور چناب کا سیلابی پانی ہیڈ محمد تک پہنچے گا جس پر کل مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی، گیس اور صاف پانی کی فراہمی کو بحال کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ریلیف کیمپس میں متاثرین کے بچوں کے لیے عارضی اسکول اور فیلڈ کلینکس قائم کر دیے گئے ہیں۔