راچی میں آج چُپ تعزیہ کا مرکزی جلوس کچھ دیر میں نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے سلسلے میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جبکہ جلوس کی ابتدائی مجلس نشتر پارک میں جاری ہے، جس سے معروف عالم دین علامہ باقر زیدی خطاب کر رہے ہیں۔
جلوس کی قیادت بوطراب اسکاوٹس کر رہے ہیں، جو جلوس کے آغاز سے اختتام تک شرکاء کی منظم رہنمائی کریں گے۔
مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
کراچی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، مرکزی جلوس (نشتر پارک تا کھارادر) کے لیے 3,432 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلع وسطی تا شاہ نجف امام بارگاہ کے جلوس کے لیے 2,366 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔
مزید براں جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ تمام نقل و حرکت پر کڑی نگرانی کی جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے اختتام تک ایم اے جناح روڈ پر عام ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا، صرف اسٹیکر لگی گاڑیوں کو جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد، ناظم آباد، شیرشاہ سے براستہ ماڑی پور موڑ دیا جائے گا، جلوس کے روٹس پر کسی بھی گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔