واٹس ایپ اپنی اسٹیٹس فیچر کو مزید پرائیویٹ بنانے پر کام کر رہا ہے اور جلد ایسا فیچر متعارف کرا سکتا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس صرف منتخب ’قریبی دوستوں‘ کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ یہ فیچر انسٹاگرام کے ’کلوز فرینڈز‘ اسٹوریز جیسا ہوگا۔
فیچر ٹریکر WABetaInfo کے مطابق، آئی او ایس بیٹا ورژن 25.23.10.80 میں اس نئے آپشن کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
ایک اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے کہ اسٹیٹس آڈینس مینو میں اب ’کلوز فرینڈز‘ کا نیا آپشن بھی شامل ہوگا۔ صارفین اپنی پسند کے مخصوص کانٹیکٹس اس فہرست میں شامل کر سکیں گے۔
فی الحال واٹس ایپ پر صارفین کے پاس 3 آپشنز موجود ہیں: اسٹیٹس تمام کانٹیکٹس کے ساتھ شیئر کرنا، مخصوص افراد کو خارج (Exclude) کرنا یا صرف منتخب افراد کے ساتھ شیئر کرنا۔ تاہم نئے فیچر کے ذریعے قریبی دوستوں کے لیے الگ لسٹ بنائی جا سکے گی، جس میں اپ لوڈ ہونے والا اسٹیٹس صرف انہی کو نظر آئے گا۔
انسٹاگرام کی طرح، یہ اسٹیٹس اپ ڈیٹس بھی ایک خاص ویژوئل اشارے کے ساتھ نمایاں ہوں گے۔ انسٹاگرام پر کلوز فرینڈز اسٹوریز سبز رنگ کے حلقے (Green Ring) سے پہچانی جاتی ہیں، جبکہ واٹس ایپ بھی اس طرز کا انڈیکیٹر متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، کلوز فرینڈز کی فہرست کو خفیہ رکھا جائے گا، یعنی اگر کوئی کانٹیکٹ شامل یا خارج کیا جائے تو اس کے متعلق دوسروں کو اطلاع نہیں دی جائے گی۔
یہ فیچر اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر ہی لاگو ہوگا جو تبدیلی کے بعد شیئر کیے جائیں گے، جبکہ پرانے اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ باقی تمام اسٹیٹس کی طرح قریبی فرینڈز اسٹیٹس بھی 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر اس وقت سامنے آیا ہے جب واٹس ایپ نے حال ہی میں آئی او ایس صارفین کے لیے نیا اے آئی ٹول متعارف کرایا ہے، جو متن کو مختلف انداز اور وضاحت کے ساتھ دوبارہ لکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔