گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب گر گیا، ریسکیو کارروائیوں کا آغاز

گلگت بلتستان حکومت کے ہیلی کاپٹر کو چلاس کے علاقے ہڈور نرسری میں حادثہ پیش آیا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق گرنے والے ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور ٹکنیکل عملے کے 3 افراد سوار تھے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران گر گیا۔ حادثے کے بعد اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری طرف ہیلی کاپٹر گرنے کی جگہ سے موصول ہونے والی غیرمصدقہ تصویر میں دھواں اٹھنے کا مناظر دیکھا جاسکتا ہے، واقعے کے بعد مقامی افراد نے نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔

ہیلی کاپٹر حادثے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 15 اگست کو خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جو سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جارہا تھا کریش ہوگیا، جس میں سوار 5 افراد شہید ہو گئے ہیں۔

واقعہ ضلع مہمند میں چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تھا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹرصبح 10 بج کر 30 منٹ پر باجوڑ سلار زئی کے لیے روانہ ہوا اور امدادی کارروائیوں سے واپسی پر مہمند میں حادثے کا شکار ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں