پاکستان میں گوگل کا نیا اے آئی موڈ متعارف ہوچکا ہے جس نے معلومات تلاش کرنے کے انداز کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔
گوگل پر پرانے انداز میں سرچ کرنے پر صرف ویب سائٹس کے لنکس کی ایک لمبی فہرست ملتی تھی اور گوگل ہمیں درجنوں ویب سائٹس دکھاتا تھا۔ اور ہمیں ہر ویب سائٹ الگ الگ کھول کر پڑھنا پڑتا کہ کہاں مکمل جواب ہے۔ ایک سوال کا مکمل جواب لینے کے لیے کئی صفحات کھولنے اور وقت ضائع کرنا پڑتا تھا۔
لیکن کیونکہ اب گوگل نے دو روز قبل پاکستان میں بھی ’اے آئی موڈ‘ متعارف کرا دیا ہے، جو جدید، تیز اور آسان فیچر ہے۔ صارفین اب گوگل سے ایک ساتھ کئی سوالات پوچھ سکتے ہیں، جیسے پروڈکٹس کا موازنہ، سفر کی پلاننگ یا مشکل طریقۂ کار سمجھنا۔
یہ بالکل ایسے ہے جیسے آپ کے پاس ایک ذاتی استاد یا مددگار موجود ہو جو آپ کے سوال کو اچھی طرح سمجھ کر آسان زبان میں فوراً جواب دے دے۔
’اے آئی موڈ‘ دراصل آپ کے سوال کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں توڑتا ہے، مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کرتا ہے اور پھر ایک منظم اور واضح جواب آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔
اب اگر آپ کچھ سرچ کریں گے، جیسے ’گرین ٹی کے فائدے‘ ، تو گوگل اے آئی موڈ فوراً آپ کو ایک مکمل اور ترتیب دیا ہوا جواب دے گا۔ اس میں یہ بتایا جائے گا کہ گرین ٹی وزن کم کرنے میں مددگار ہے، دماغی کارکردگی بہتر بناتی ہے، دل اور مدافعتی نظام کے لیے فائدہ مند ہے اور اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نیچے اصل ویب سائٹس کے لنکس بھی دکھائے جائیں گے تاکہ اگر آپ مزید تحقیق کرنا چاہیں تو آسانی سے کر سکیں۔ تاہم یہ فیچر فی الحال صرف انگریزی زبان میں سوالات کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یوں کہا جا سکتا ہے کہ پہلے گوگل ہمیں صرف مواد تک لے جاتا تھا، لیکن اب ’اے آئی موڈ‘ ہمیں مواد کا بہترین خلاصہ اور اہم نکات ایک ہی جگہ پر فراہم کرتا ہے۔ اس سے وقت بھی بچتا ہے اور معلومات بھی بہت زیادہ واضح اور آسان انداز میں ملتی ہیں۔
گوگل اے آئی موڈ کو استعمال کیسے کریں؟
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ نیا فیچراستعمال کیسے ہوگا؟ تو اس کا طریقہ بھی نہایت آسان ہے۔ اگر آپ اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر گوگل کھولیں گے تو سرچ بار کے نیچے آپ کو ایک نیا آپشن نظر آئے گا جس پر لکھا ہوگا ’اے آئی موڈ‘ ۔ بس اس پر کلک کریں اور اپنا سوال لکھیں۔
آپ چاہیں تو صرف لکھ کر ہی نہیں بلکہ ’آواز کے ذریعے بھی سوال پوچھ سکتے ہیں‘۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس کوئی تصویر ہے تو آپ اسے اپلوڈ کرکے پوچھ سکتے ہیں کہ ’یہ کیا ہے؟‘ یا ’اس کا کیا فائدہ ہے؟‘۔ گوگل فوراً اس تصویر یا سوال کا جواب آپ کو ترتیب وار اور آسان زبان میں دے دے گا۔
جب آپ سرچ کریں گے تو صرف ایک سادہ جواب نہیں ملے گا بلکہ ایک ایسا خلاصہ سامنے آئے گا جس میں آپ کے سوال کے تمام اہم پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ گوگل نیچے اصل ویب سائٹس کے لنکس بھی دکھائے گا تاکہ اگر آپ مزید پڑھنا چاہیں یا گہرائی میں جانا چاہیں تو وہاں جا سکیں۔
اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ گوگل AI Mode آپ کو ایک عام سرچ کی بجائے ایک ’انٹیلیجنس اور مکمل جواب‘ فراہم کرتا ہے، جو نہ صرف وقت بچاتا ہے بلکہ معلومات کو سمجھنے میں بھی بےحد آسانی پیدا کرتا ہے۔
مختلف ممالک میں گوگل اے آئی موڈ کب متعارف ہوا؟
گوگل کا یہ نیا فیچر سب سے پہلے مارچ 2025 میں تجرباتی طور پر متعارف کروایا گیا، جس کے بعد اسے بتدریج مختلف ممالک میں وسعت دی گئی۔ مئی 2025 میں یہ فیچر امریکہ میں عام صارفین کے لیے پیش کیا گیا، اور جون 2025 میں بھارت سمیت چند دیگر بڑے ملکوں میں لانچ کیا گیا تھا۔ بالآخر 26 اگست 2025 کو گوگل نے اعلان کیا کہ اب یہ سہولت پاکستان سمیت دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں دستیاب ہے۔
پاکستان بھی اب ان جدید اور تیز رفتار ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جہاں صارفین اینڈرائیڈ اور ویب پلیٹ فارمز پر گوگل کی اپ ڈیٹ شدہ ایپس اور سروسز کے ذریعے نئے فیچرز استعمال کرسکتے ہیں۔