آئی فون 17 کب ریلیز ہوگا: ایپل نے تاریخ کا اعلان کردیا

ایپل نے اپنے اگلے بڑے ایونٹ کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے جو 9 ستمبر 2025 کو امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے ایپل کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب میں کمپنی آئی فون 17 سیریز کے ساتھ نئی ایپل واچز، ایئر پاڈز پرو اور دیگر ممکنہ ڈیوائسز متعارف کرائے گی۔

ایپل کے مطابق یہ تقریب صبح 10 بجے امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق شروع ہوگی اور ایپل کی آفیشل ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر براہِ راست دیکھی جا سکے گی۔

پی سی میگ رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 سیریز میں چار ماڈلز شامل ہوں گے جن میں آئی فون 17، آئی فون 17 ایئر، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس شامل ہیں۔ خاص طور پر آئی فون 17 ایئر کو کمپنی اب تک کا سب سے سلم اور ہلکا فون بنانے جا رہی ہے جبکہ پرو ماڈلز میں بہتر کیمرہ، نئی A19 پرو چِپ، جدید ڈسپلے اور زیادہ طاقتور بیٹری دیے جانے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 پرو میکس پہلی بار 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

ایونٹ کے بعد آئی فون 17 سیریز کے پری آرڈرز 12 ستمبر 2025 سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ عالمی سطح پر فروخت 19 ستمبر 2025 کے قریب متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام نئے آئی فونز تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم iOS 26 پر چلیں گے۔

تقریب میں ایپل واچ سیریز 11 اور ایپل واچ الٹرا 3 بھی پیش کیے جانے کی باتیں زیرِ گرش ہیں۔ اس کے علاوہ ایئر پاڈز پرو 3 بھی متعارف ہو سکتے ہیں جن میں دل کی دھڑکن ماپنے کی ٹریکنگ جیسی نئی خصوصیات شامل ہوں گی۔ ٹیک ماہرین کے مطابق ایپل اپنے اس ایونٹ میں دیگر مصنوعات جیسے ایپل ٹی وی اور ہوم پاڈ کے نئے ماڈلز پر بھی روشنی ڈال سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں